
کراچی(پ ر) مہاجر اتحاد تحریک اور مہاجر
صوبہ ہماری منزل تحریک کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے نے دمشق شام میں بی بی زینب کے حرم کے قریب بم دھماکوں پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے بم دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ںشیعہ سنی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محرم الحرام میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے اہل تشیع عوام، اکابرین، علماء کرام اور اہل سنت اکابرین، علماء کرام اور اہل سنت عوام نے رواداری، محبت اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اہم مذہبی فریضے کی بخیر و عافیت انجام دہی میں اپنا اپنا کردار بخیر و خوبی نبھایا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ برسہا برس سے اسلام دشمن اور ملک دشمن قوتیں شیعہ سنیوں کو آپس میں لڑوا کر پاکستان کو غیر مستحکم کرناچاہتی ہیں لیکن سب جانتے اور مانتے ہیں کہ روز اول سے شیعہ اور سنیوں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے اور یہ دونوں باہمی محبت و احترام کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے ایام کے علاؤہ بھی ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے۔ مہاجر صوبہ ہماری منزل تحریک کے بانی و چیئرمین نے کہا کہ شیعہ اور سنی حضرات کبھی بھی کوئی ایسا عمل نہ کریں جس سے کسی کی دل آزاری ہو اور چھوٹی سی چنگاری کو ملک دشمن قوتیں ہوا دے کر شعلے میں تبدیل کردیں۔ انہوں نے کہاکہ کئی سالوں سے اسلام دشمن عناصر شیعہ اور سنیوں کو لڑوا کر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں جن کا نہ تو کسی مذہب سے تعلق ہے اور نہ ہی وہ انسان کہلانے کے لائق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ باہمی اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ اچھا رویہ اور برتاؤ اختیار کیا جائے جس سے مہاجر صوبہ ہماری منزل تحریک کامیابی سے ہمکنار ہوسکے اور ملک دشمن عناصر کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ حضرت امام حسین نے جس طرح کربلا میں باطل قوتوں کے سامنے جھکنے سے انکار کیا اور جانوں کے نذرانے پیش کئے اس سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ باطل قوتوں کو مٹ جانا ہے، ہمیشہ حق اور سچ ہی غالب رہے گا۔ اس لئے خاص طور پر اپنے جائز حقوق کے لیے مہاجروں کو سیسہ پلائی دیوار
بننا ہوگا۔


You must be logged in to post a comment.